ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جس میں انہیں ایک پروموشنل تقریب کے دوران خوفزدہ اور پریشان حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، جس نے مداحوں اور صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ فلم ’پیڈی‘ کی تشہیری تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں اداکار رام چرن اور جھانوی کپور اپنی آنے والی تیلگو فلم کی پروموشن میں مصروف تھے۔
اسی دوران ایک مداح جذباتی ہو کر سیکیورٹی حصار توڑتے ہوئے اسٹیج کے قریب پہنچ گیا، جس کے باعث کچھ دیر کے لیے صورتحال میں ہلچل پیدا ہو گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رام چرن سے مشابہت رکھنے والا ایک مداح سیکیورٹی اہلکاروں کو چکمہ دے کر اسٹیج تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا اور اداکاروں سے ملاقات کی کوشش کرنے لگا۔
اس موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں اور اٹلی کے شہر فلورنس سے تعلق رکھنے والے ایم ایم اے فائٹر کیون کنٹا نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔
واقعے کے دوران جھانوی کپور واضح طور پر گھبراہٹ اور خوف کی کیفیت میں دیکھی گئیں، اور ان کی یہ ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بعد میں مذکورہ مداح کو رام چرن سے ملاقات کا موقع بھی دیا گیا، جہاں وہ جذباتی ہو کر ان کے قدموں میں جھک گیا۔
تاہم اس پورے واقعے کے دوران سب سے زیادہ توجہ جھانوی کپور کے ردعمل نے حاصل کی، جو اچانک پیدا ہونے والی صورتحال پر شدید خوف اور پریشانی میں مبتلا دکھائی دیں۔
واضح رہے کہ فلم ’پیڈی‘ 4 جون کو ریلیز کی جائے گی، جس کی ہدایت کاری بوچی بابو ثنا نے کی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں رام چرن اور جھانوی کپور کے ساتھ شیو راجکمار، جگپتی بابو، دیویندو اور بومن ایرانی بھی شامل ہیں۔