Get Alerts

گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے، تیر صرف نشان نہیں غریب کی امید ہے: آصفہ بھٹو زرداری

گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے، تیر صرف نشان نہیں غریب کی امید ہے: آصفہ بھٹو زرداری

ہنزہ :پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ پی پی پی کا اولین مشن ہے، اور پارٹی خطے کے عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وادی ہنزہ کے علاقے علی آباد میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہنزہ آکر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے، وہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کے حوصلے اور لازوال محبت کو سلام پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان سے رشتہ محض سیاسی نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہے، اور یہاں کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

اپنے خطاب میں انتخابی عمل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کا دن دراصل عوام کے فیصلے کا دن ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان 'تیر' صرف ایک نشان نہیں ہے، بلکہ یہ ملک کے غریب طبقے کی امید اور جمہوریت کی مستحکم پہچان ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے پارٹی کے قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کی، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک میں آئین اور جمہوریت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے خطے کے مستقبل کے حوالے سے پارٹی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آگے بڑھ سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے عوام کو صحت کی جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

ٹیگز: