Get Alerts

پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، آصفہ بھٹو زرداری کا نگر میں انتخابی جلسے سے خطاب

پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، آصفہ بھٹو زرداری کا نگر میں انتخابی جلسے سے خطاب

نگر: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریک اور سوچ کا نام ہے، ہم نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور گلگت بلتستان کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
نگر میں پیپلز پارٹی کے ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے اپنی والدہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بہادری کے ساتھ ہر مشکل کا سامنا کیا اور ملک میں جمہوریت کی خاطر اپنی جان قربان کر دی، لیکن انہوں نے اپنی زندگی میں عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا تھا۔
خاتونِ اول نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو امید دلاتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اولین ترجیح صرف اور صرف عوام ہیں اور وہ اقتدار میں آکر گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد نفرت پھیلانا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں کیونکہ ان کا انتخابی نشان 'تیر' ہی مظلوم کی حقیقی آواز اور ملک میں جمہوریت کی اصل پہچان ہے۔

ٹیگز: