گلگت: گلگت بلتستان میں سیاسی جوش و خروش اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے اور 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین کے طوفانی دوروں نے وادی کے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔
انتخابی مہم کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج دوپہر 3 بجے گاہکوچ میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔ دوسری جانب، ان کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری جی بی اے فور (GBA-4) نگر میں انتخابی دنگل سجائیں گی اور اپنے ووٹرز اور جیالوں کا لہو گرمائیں گی۔
الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان کے مطابق، اسمبلی کی 24 عام نشستوں پر مجموعی طور پر 403 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ اس سیاسی دنگل میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، استحکامِ پاکستان پارٹی اور پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔