کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 22 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی پہلی فتح حاصل کر لی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 22 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی پہلی فتح حاصل کر لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چھ کے 14 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عثمان خان کے 81 رنز اور باﺅلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانز کو 22 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19.4 اوورز میں 154 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ کپتان محمد رضوان نے سب سے زیادہ 66 رنز بنائے جبکہ جیمز وینس 24، شان مسعود ایک، ریلی روسو تین،صہیب مقصود دو، خوشدل شاہ 19، کارلوس بریتھ ویٹ چار، سہیل خان آٹھ اور عمران طاہر 14 رنز بنا سکے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیص احمد سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 21 نز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باﺅلر محمد حسنین اور زاہد محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیل سٹین اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 
قبل ازیں میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی جانب سے عثمان خان 50 گیندوں پر تین چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 23، فاف ڈوپلیسی 17، اعظم خان 17، سرفراز احمد تین، بین کٹنگ 10، محمد نواز 20 اور قیص احمد 2 رنز بنا سکے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھنی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عمران طاہر نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمران خان اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔