تہران :ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے دشمن ممالک کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ایک طویل جنگ کی مکمل تیاری کر رکھی ہے اور وہ اپنی عظیم تاریخی و تہذیبی شناخت کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
علی لاریجانی نے اپنے بیان میں ایران کی 6 ہزار سالہ تہذیب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "قیمت کچھ بھی ہو، ہم اپنی تہذیب کا دفاع کریں گے۔" انہوں نے اسرائیل اور امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو ایران کی طاقت کے حوالے سے غلط اندازے لگانے پر شدید پچھتاوا ہوگا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ایران نے کبھی جارحیت میں پہل نہیں کی ۔گزشتہ 300 سالوں کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے کبھی جنگ شروع نہیں کی، اور اس بار بھی پہل ہماری جانب سے نہیں ہوئی، لیکن دفاع ہمارا حق ہے۔
دوسری جانب ایران کی نو منتخب عبوری لیڈر شپ کونسل کے رکن آیت اللہ علی رضا عرافی نے اپنے پہلے باضابطہ بیان میں امریکہ اور اسرائیل کے اقدامات کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر حملے کی باتیں دشمن کی غلط فہمی اور حالات کے غلط تجزیے پر مبنی ہیں۔ ناجائز اقدامات: انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ رویے کو غیر منصفانہ اور غیر مناسب قرار دیا۔
آیت اللہ عرافی نے یقین دہانی کرائی کہ لیڈر شپ کونسل ملک کے نازک حالات میں پوری مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور ایرانی قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی بیرونی خطرے کا جواب دینے کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔