نیویارک :اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب سعید ایروانی نے عالمی ادارے میں خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی دباؤ کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گا اور اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا۔سعید ایروانی نے اپنے بیان میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مغربی تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پرامن جوہری ٹیکنالوجی کا حصول ہمارا بنیادی حق ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ایران کسی بھی صورت میں اپنی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا اور نہ ہی دشمن کے سامنے ہتھیار ڈالے گا۔
ایرانی مندوب نے اقوام متحدہ میں اسرائیل اور امریکہ کے حالیہ اقدامات کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کے بیان کے اہم نکات درج ذیل ہیں ۔امریکہ اور اسرائیل نے براہِ راست سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ ایرانی رہنماؤں کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل نے دانستہ طور پر شہری مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں معصوم بچے اور عام شہری شہید ہوئے۔ ایران میں اسکولوں، ہسپتالوں اور رہائشی عمارتوں پر بمباری کی جا رہی ہے جو کہ انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔
عالمی برادری سے اپیل
سعید ایروانی نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ادارے کو ان انسانیت سوز واقعات پر خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری مداخلت کرنی چاہیے۔