ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے ایران کی جانب سے کیے گئے بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اماراتی ڈیفنس سسٹم نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
وزارتِ دفاع کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کی جانب سے مجموعی طور پر 174 بیلسٹک میزائل داغے گئے، جن میں سے 161 میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ بقیہ 13 میزائل سمندر میں جا گرے، جس کے باعث کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔
علاوہ ازیں، ایران کی طرف سے 689 ڈرونز بھی روانہ کیے گئے تھے، جن میں سے 645 کو کامیابی سے روک لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق 8 کروز میزائل بھی فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے۔ترجمان نے واضح کیا کہ اماراتی سرزمین پر کوئی بھی میزائل یا ڈرون براہِ راست اپنے ہدف پر نہیں گرا۔ انہوں نے کہاجو بھی نقصان ہوا وہ میزائل یا ڈرون لگنے سے نہیں بلکہ ان کے ملبے (Debris) گرنے کی وجہ سے ہوا۔ ہماری سرزمین پر براہِ راست کوئی ہٹ نہیں ہوئی۔
بدقسمتی سے ملبہ گرنے کے واقعات میں 3 افراد ہلاک اور 68 زخمی ہوئے، جبکہ کچھ شہری اور رہائشی علاقوں میں املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں
وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈیفنس سسٹم نے تمام خطرات کو بروقت بھانپا اور ناکام بنایا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع کے لیے ہر صورت تیار ہے۔