Get Alerts

پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 158 رنز کا ہدف دے دیا

پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 158 رنز کا ہدف دے دیا

لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 23ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دے دیا۔ یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔

اسلام آباد کو اننگز کے آغاز میں نئی اوپننگ جوڑی صاحبزادہ فرحان اور کائل مائرز نے تیز رفتار 58 رنز کی شراکت سے مستحکم آغاز فراہم کیا۔ تاہم، چھٹے اوور میں اسپنر ابرار احمد نے کائل مائرز کو بولڈ کر کے کوئٹہ کو پہلی کامیابی دلوائی۔ مائرز نے 17 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جن میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

بعد ازاں فہیم اشرف نے یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن پر کاری ضرب لگائی۔ انہوں نے اپنے پہلے اوور میں کولن منرو (9 رنز) اور عبوری کپتان سلمان علی آغا (صفر) کو پویلین واپس بھیجا۔

اسلام آباد کو ایک اور دھچکا اُس وقت لگا جب اچھی فارم میں کھیل رہے صاحبزادہ فرحان، جنہوں نے 24 گیندوں پر 39 رنز (2 چوکے، 4 چھکے) بنائے، کپتان سعود شکیل کا شکار بن گئے۔

یونائیٹڈ کا اسکور 9.5 اوورز میں 77/4 ہو گیا۔ محمد نواز اور اینڈریس گوس نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن دونوں نے صرف 14 رنز کی شراکت قائم کی۔ فہیم اشرف نے دوبارہ حملہ کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز گوس اور محمد شہزاد کو آؤٹ کر کے اسلام آباد کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا۔ 13 اوورز میں اسکور 91/6 ہو چکا تھا۔

اس کے بعد محمد نواز اور حیدر علی نے ساتویں وکٹ کے لیے 39 قیمتی رنز جوڑے۔ حیدر علی 8 گیندوں پر 10 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز نے 34 گیندوں پر ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہ آخری اوور میں کائل جیمی سن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے پہلے وہ جیسن ہولڈر کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 26 رنز کی اہم شراکت بھی کر چکے تھے۔

کوئٹہ کی جانب سے فہیم اشرف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اوورز میں 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد، ابرار احمد، سعود شکیل اور کائل جیمی سن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹیگز: