Get Alerts

کراچی: سندھ رینجرز کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی، 3 مطلوب دہشت گرد گرفتار

کراچی: سندھ رینجرز کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی، 3 مطلوب دہشت گرد گرفتار

کراچی: سندھ رینجرز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ کنواری کالونی سے فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زید اللہ عرف زیدو، نور زادہ اور حضرت عثمان کے نام سے ہوئی۔

ترجمان رینجرز کے مطابق یہ ملزمان دہشت گرد گروہ کے امیر شمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کے قریبی ساتھی تھے۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے لوگوں کے فون نمبرز شمس القیوم کو فراہم کرتے تھے، جس کے بعد وہ ان نمبرز پر بھتہ وصولی کے لیے کال کرتا تھا۔

گرفتار ملزمان نے اپنے بیان میں بھتہ وصولی اور لینڈ گریبنگ میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ مزید برآں، ملزم نور زادہ اور حضرت عثمان کے بھائی بھی پہلے ہی خوارج کے نیٹ ورک میں مارے جا چکے ہیں۔ ملزم زید اللہ عرف زیدو تھانہ ایکسائز کورنگی اور اے این ایف کی جانب سے بھی مطلوب تھا۔

رینجرز ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس کارروائی کو کراچی میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے اور ان کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: