پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے یونیورسٹی روڈ پر واقع تھانہ سی ٹی ڈی میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے رپورٹ مرتب کر لی ہے، جس میں اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، دھماکہ صبح 7 بج کر 58 منٹ پر تھانہ سی ٹی ڈی کے مال خانے میں ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں تھانے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ ایک ہیڈ کانسٹیبل بلال شہید ہو گئے اور تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں کانسٹیبل زیت اللّٰہ، مدثر اور محمد ایاز شامل ہیں، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مال خانے میں 2025 میں ملزمان سے برآمد ہونے والی متعدد خطرناک اشیاء رکھی گئی تھیں۔ ان اشیاء میں 2 کلوگرام بارود، 23 دستی بم، 7 گرینیڈ لیور، 60 رائفلیں، 10 کلوہائی ایکسپلوسیو، 2 خودکش جیکٹس، 42 الیکٹرک اور 10 نان الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، ایک آر پی جی شیل اور ایک آئی ای ڈی ڈیوائس شامل تھے۔ اس کے علاوہ، مال خانے میں پرائما کورڈ، سیفٹی فیوز، بیٹریاں اور الیکٹرک تاریں بھی رکھی گئی تھیں۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے اس دھماکے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔