Get Alerts

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج ،تحقیقات جاری

 اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج ،تحقیقات جاری

اسلام آباد: جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والے دہشتگردی کے دھماکے کا مقدمہ تھانہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نمبر 10/25 کے تحت انسداد دہشتگردی ایکٹ کے مختلف سیکشنز میں درج کیا گیا، جس میں قتل، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں اور زخمیوں کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں، ساتھ ہی دھماکے کے باعث پیدا ہونے والے خوف و ہراس اور گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کی بھی تفصیل فراہم کی گئی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد کو فرانزک ٹیموں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ پمز ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے 13 افراد زیر علاج ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ، 36 زخمیوں کو پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔ پمز ہسپتال نے وکیل زبیر اسلم گھمن کی میت بھی ان کے ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ گزشتہ روز افغان اور بھارتی پراکسیوں کی طرف سے اسلام آباد کو نشانہ بنانے کی کوشش کا حصہ تھا، جس میں پولیس کی گاڑی کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں 12 افراد شہید ہوئے اور 36 زخمی ہوئے تھے۔

ٹیگز: