آئین ٗ عدلیہ اور احتساب کیلئے جماعت اسلامی آخری حد تک جدوجہد کریگی : لیاقت بلوچ

آئین ٗ عدلیہ اور احتساب کیلئے جماعت اسلامی آخری حد تک جدوجہد کریگی : لیاقت بلوچ


لاہور:جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ آئین ، عدلیہ اور احتساب کے عمل کی حفاظت کے لیے جماعت اسلامی آخری حد تک جدوجہد کرے گی ۔ حکمران شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے تیا ر نہیں ، انتخابی اصلاحات قانون سازی کو سابق وزیراعظم نوازشریف اور حکمران جماعت نے ذاتی مفادات اور خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیاہے ۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نااہل شخص کو حکمران جماعت کا سربراہ بنانا آئین ، جمہوریت اور پاکستان کی ساکھ کے لیے خطرناک ہے ۔لیاقت بلو چ نے کہاکہ نوازشریف خاندان جے آئی ٹی تحقیقات اور سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد احتساب کی گرفت میں آچکاہے لیکن وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو احتسابی عمل سے بچائو کے لیے استعمال کیا جارہاہے ۔


انہوں نے مزید کہا کہ وزراء قومی مفادات کی بجائے نوازشریف خاندان کے بچائو کے لیے غیر جمہوری ، غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کا ارتکاب کر رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی صاف شفاف اور منصفانہ احتساب چاہتی ہے ۔ حکومت اور ریاستی ادارے غیر جانبدارانہ احتساب کو یقینی بنائیں کرپٹ مافیا کو احتسابی عمل ملیا میٹ نہیں کرنے دیا جائے گا ۔