اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت اور اہم بین الاقوامی دوروں کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ نور خان ایئر بیس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو بھرپور انداز میں عالمی فورم پر اجاگر کیا۔ انہوں نے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کی طرف مبذول کروائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے متعدد سربراہان شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی تعاون، سرمایہ کاری، اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کے سعودی عرب کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ بھی طے پایا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ایک نئی جہت دے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف لندن میں تین روز قیام کے دوران اپنا طبی معائنہ (میڈیکل چیک اپ) بھی کرایا اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل، سرمایہ کاری کے مواقع، اور قومی ترقی میں ان کے کردار پر بات چیت ہوئی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران حاصل ہونے والے بین الاقوامی اعتماد اور سفارتی کامیابیوں کو ملکی ترقی کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔