لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں تمام سرکاری تعیناتیاں 100 فیصد میرٹ پر کی جا رہی ہیں اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران سمیت 26 ممالک کے 47 افسران شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے وفد کو پنجاب حکومت کے جاری فلاحی، اصلاحاتی اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ اچھے حکمران کا ہر فیصلہ عوام کی زندگی پر اثر ڈالتا ہے، اور گڈ گورننس کا مطلب صرف حکمرانی نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے، اور ای-ٹینڈرنگ سسٹم کے ذریعے تمام معاملات میں شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وطن ماں کی مانند ہے، اس سے بے وفائی ناقابل برداشت ہے، اور اب پنجاب میں سیاسی بنیادوں پر تقرریاں اور اقرباپروری ماضی کا حصہ بن چکی ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے پاک فوج، نیوی اور ایئر فورس کو آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کی کامیابی پر مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت پوری عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، سیلاب کے دوران ملک کا سب سے بڑا انخلا آپریشن مکمل کیا گیا، اور تھرمل امیجنگ ڈرونز کے ذریعے متاثرین کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی گئی۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ پنجاب کی زراعت کو جدید مشینری کے ذریعے میکانائزیشن کی طرف لایا جا رہا ہے۔ کینسر کے مریضوں کے لیے جدید کوابلیشن مشین سے علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور سموگ سے بچاؤ کے لیے 15 جدید سموگ گنز درآمد کی گئی ہیں۔
وفد نے پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں جاری منصوبے نہ صرف قابلِ تعریف ہیں بلکہ حیران کن بھی ہیں۔