Get Alerts

پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا باضابطہ آغاز، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا باضابطہ آغاز، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

لاہور :  پنجاب میں منشیات کے خاتمے کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے "پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس" (PCNF) کے باضابطہ آغاز کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے فورس کے ایک اہلکار کو باقاعدہ طور پر فلیگ سونپا اور فورس کی جانب سے پیش کی گئی پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے فورس کے قیام کو ایک قلیل مدت میں مکمل کرنے پر ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریب میں اعلان کیا کہ صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ: "نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے منشیات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ پنجاب سے منشیات کے ناسور کو جلد ختم کیا جائے گا، اور اس کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔"

انہوں نے خاص طور پر تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: "طلبہ کو نشے کی لعنت سے بچانا ہماری ترجیح ہے۔ تعلیمی ادارے منشیات سے پاک ہوں گے۔"
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے تمام ڈویژنز میں انسداد منشیات فورس کو فعال بنایا جا رہا ہے، اور منشیات فروشوں کے لیے اب صوبے میں کوئی جگہ نہیں۔

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ہی انسداد تجاوزات فورس بھی اپنا کام شروع کرے گی جبکہ پولیس میں کرائمز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے تاکہ جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا سکے۔

ٹیگز: