Get Alerts

سنیپ چیٹ کا مفت اسٹوریج ختم کرنے کا اعلان ،تصاویر اور ویڈیوز محفوظ رکھنے کے لیے اب ادائیگی کرنا ہوگی

سنیپ چیٹ کا مفت اسٹوریج ختم کرنے کا اعلان ،تصاویر اور ویڈیوز محفوظ رکھنے کے لیے اب ادائیگی کرنا ہوگی

کیلیفورنیا: انسٹنٹ میسیجنگ ایپ سنیپ چیٹ کے صارفین کے لیے بری خبر، کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اب صارفین کو پرانی تصاویر اور ویڈیوز محفوظ رکھنے کے لیے ادائیگی کرنا پڑے گی۔

سنیپ کمپنی کے مطابق، سنیپ چیٹ کے ’میموریز‘ فیچر کے تحت اب تک صارفین ایک کھرب سے زائد تصاویر اور ویڈیوز محفوظ کر چکے ہیں۔ تاہم اب صرف وہ صارفین جن کا ڈیٹا 5 جی بی سے کم ہے، مفت سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔

جن صارفین کا ڈیٹا 5 جی بی سے زائد ہے، انہیں اسٹوریج کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا ہو گی۔ اس اقدام کا مقصد ایپلی کیشن کے اسٹوریج سسٹم کو برقرار رکھنا اور صارفین کو بہتر سروس فراہم کرنا بتایا جا رہا ہے۔

ابتدائی پلانز میں 100 جی بی اسٹوریج کے لیے ممکنہ طور پر 2.99 آسٹریلین ڈالر ماہانہ فیس لی جائے گی، جبکہ زیادہ اسٹوریج کے لیے Snapchat+ اور Snapchat Platinum جیسے پریمیم پیکجز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں 250 جی بی سے 5 ٹی بی تک کی سہولت شامل ہے۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ 5 جی بی سے زائد ڈیٹا رکھنے والے صارفین کو 12 ماہ کی مہلت دی جائے گی تاکہ وہ اپنی میموریز اپ گریڈ کریں یا ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کریں۔

فی الحال یہ نیا نظام مرحلہ وار عالمی سطح پر لاگو کیا جائے گا۔ برطانیہ میں اس کی آزمائش شروع ہو چکی ہے، تاہم کمپنی نے مختلف ممالک میں قیمتوں کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

سوشل میڈیا پر اس اعلان کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی صارفین نے کہا ہے کہ اگر انہیں سٹوریج کے لیے ادائیگی کرنا پڑی تو وہ سنیپ چیٹ کا استعمال ترک کر دیں گے۔ کچھ صارفین نے کمپنی کے اس اقدام کو ’لالچ‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ان کی یادوں پر قیمت لگانے کے مترادف ہے۔

ٹیگز: