کراچی:حکومت سندھ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹس کا نیا نظام نافذ کر دیا ہے جس کا مقصد شہریوں کی جانیں بچانا اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اوور سپیڈنگ، سگنل توڑنے، غلط سمت میں گاڑی چلانے، اوورلوڈنگ اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ نئی فہرست میں مختلف اقسام کی گاڑیوں کے جرمانے بڑھا دیے گئے ہیں جن میں موٹر سائیکل، کار/جیپ، پبلک سروس وہیکل اور ہیوی ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔
ان کے مطابق اوور اسپیڈنگ پر موٹر سائیکل کے لیے ۵ ہزار، کار کے لیے ۱۵ ہزار اور ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے ۲۰ ہزار روپے جرمانہ ہوگا، جس کے ساتھ8 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل ہوں گے۔ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ اور6پوائنٹس عائد کیے جائیں گے، جبکہ لاپرواہ ڈرائیونگ پر 25 ہزار روپے جرمانہ اور 8 پوائنٹس کا نفاذ ہوگا۔
ون وہیلنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، دھندلے شیشے استعمال کرنے، غلط لین میں گاڑی چلانے اور مسافروں کو چھت پر بٹھانے پر بھی بھاری سزائیں دی جائیں گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ اقدامات صرف جرمانے وصول کرنے کے لیے نہیں بلکہ شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سگنل توڑنا، اوور اسپیڈنگ اور ون وہیلنگ معمولی خلاف ورزیاں نہیں بلکہ جان لیوا حرکات ہیں جن کی وجہ سے ڈرائیور کے علاوہ دوسرے افراد بھی شدید خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور بار بار خلاف ورزی پر لائسنس معطل یا منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔