لاہور : پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار جنگل کی لکڑی کی نیلامی کے روایتی نظام کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے صوبے کے تمام جنگلات کی کٹائی اور لکڑی کی نیلامی پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے اور اس کا باضابطہ حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق اب جدید ٹیکنالوجی اور میپنگ کے ذریعے نئے اور شفاف قواعد و ضوابط بنائے جائیں گے تاکہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری کے محکمے اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ اس پابندی کے تحت ایندھن سمیت جنگلات کی ہر قسم کی لکڑی کی نیلامی تاحکم ثانی بند رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے کے جنگلات کے تحفظ اور زمین کو کٹاؤ سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ مستقبل میں نیلامی سے قبل اعلیٰ معیار کی ویڈیوز اور تصاویر فراہم کی جائیں گی تاکہ درختوں کی بے رحمانہ کٹائی پر قابو پایا جا سکے۔ گزشتہ عرصے میں نیلامی کے نام پر درخت بے دریغ کاٹے جاتے رہے اور حاصل ہونے والی رقم چند افراد کی جیبوں میں چلی جاتی تھی، جسے اب روکنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔