Get Alerts

جناح ہاؤس حملہ کیس: عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ

جناح ہاؤس حملہ کیس: عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

 سماعت کے دوران عدالت میں شاہ ریز کے وکیل رانا مدثر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل پر الزام ہے کہ انہوں نے کارکنوں کو اکسایا، حالانکہ ان کے خلاف کوئی براہِ راست ثبوت موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیس میں تمام ملزمان کی جیو فینسنگ کی گئی لیکن شاہ ریز کا نہ تو چالان میں نام ہے اور نہ ہی کسی تفتیشی افسر نے ان کے خلاف بیان دیا ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ شاہ ریز واقعے کے وقت چترال میں موجود تھے، جس کے ثبوت کے طور پر کئی افراد کے بیانِ حلفی عدالت میں جمع کرائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ ریز کو صرف اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ ان کی والدہ علیمہ خان عمران خان کی رہائی کے لیے آواز بلند کرتی ہیں۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تاحال بیانِ حلفی کی تصدیق نہیں ہو سکی، اور شاہ ریز کے دوستوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی بنیاد پر کچھ تصاویر حاصل کی گئی ہیں، تاہم ملزم کے اپنے اکاؤنٹ سے کوئی براہِ راست تصویر دستیاب نہیں ہے۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو آئندہ تاریخ پر سنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے جناح ہاؤس حملے کے کیس میں شاہ ریز خان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

ٹیگز: