لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے ملاقات کی۔ ملاقات شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس میں ہوئی، جہاں بادشاہ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے ملاقات اور غیر رسمی گفتگو کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے۔ بادشاہ چارلس نے محسن نقوی سے پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ انسدادِ دہشت گردی اور ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں امن کے قیام اور امن و امان کی بہتری کے لیے جاری اقدامات اور کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے گفتگو میں کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان اور محسن نقوی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بادشاہ چارلس کے ساتھ ملاقات انتہائی مفید رہی۔ انہوں نے بتایا کہ برطانوی بادشاہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔
بادشاہ چارلس سے ملاقات مکمل ہونے کے بعد وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی برطانیہ سے پاکستان واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔