Get Alerts

ٹریڈ فسیلی ٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری، وزیراعظم خود سربراہ ہوں گے

ٹریڈ فسیلی ٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری، وزیراعظم خود سربراہ ہوں گے

سپلائی چین میں بہتری، سرحد پار تجارت میں نان ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے اور بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اہم اقدامات، ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ’’ٹریڈ فسیلی ٹیشن بورڈ‘‘ کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعظم خود بورڈ کی صدارت کریں گے۔

مجوزہ بورڈ ملک میں تجارت کے سپلائی چین نظام میں بہتری، سرحد پار تجارت سے متعلق نان ٹیرف امور، ٹریڈ فسیلی ٹیشن انڈیکس اور مانیٹرنگ کی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے کرے گا۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانے اور تجارت سے متعلق مختلف محکموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے تجارتی سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنے اور کاروباری برادری کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ریگولیٹری فریم ورک کی مؤثر تعمیل، پری آرائیول کلیئرنس کے نظام کو بہتر بنانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی تجارتی سرگرمیوں میں شمولیت بڑھانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ تجارت کے عمل کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنایا جائے، تاکہ ملکی برآمدات اور مجموعی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے

ٹیگز: