Get Alerts

شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باوجود سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 153 پوائنٹس کا اضافہ

شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باوجود سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 153 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: ملک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باوجود پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام معمولی تیزی کے ساتھ ہوا، تاہم دورانِ کاروبار مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔

کاروباری سرگرمیوں کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لیے حصص کی فروخت کے باعث ایک موقع پر کے ایس ای-100 انڈیکس 117 پوائنٹس تک گر گیا، تاہم بعد ازاں مثبت معاشی خبروں کے باعث مارکیٹ میں تیزی واپس آگئی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کی معاشی استحکام کی جانب پیش رفت، مالیاتی نظم و نسق اور بیرونی کھاتے کی صورتحال پر اطمینان کے اظہار نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی۔ اس کے نتیجے میں انڈیکس ایک مرحلے پر 1019 پوائنٹس بڑھ گیا اور 1 لاکھ 75 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا۔

تاہم کاروبار کے آخری مرحلے میں سرمایہ کاروں کی جانب سے فوری منافع حاصل کرنے کے رجحان نے تیزی کو محدود کردیا۔ نتیجتاً کے ایس ای-100 انڈیکس 153.09 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 1 لاکھ 74 ہزار 929.68 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دوسری جانب کے ایس ای-30 انڈیکس 50.80 پوائنٹس بڑھ کر 52 ہزار 185.07 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 93.53 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 6 ہزار 206.57 پوائنٹس جبکہ کے ایم آئی-30 انڈیکس 193.39 پوائنٹس اضافے کے بعد 2 لاکھ 49 ہزار 562.17 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 فیصد بڑھا اور مجموعی طور پر 62 کروڑ 74 لاکھ 46 ہزار 899 حصص کے سودے ہوئے۔ مارکیٹ میں 494 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں 252 کے نرخ بڑھے، 207 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 35 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ٹیگز: