Get Alerts

 یہ طے ہو چکا ہے کہ سندھ کسی صورت تقسیم نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا سندھ اسمبلی میں دوٹوک اعلان

 یہ طے ہو چکا ہے کہ سندھ کسی صورت تقسیم نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا سندھ اسمبلی میں دوٹوک اعلان

کراچی :سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپوزیشن جماعتوں کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبے کی تقسیم سے متعلق کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں لاہور کی ایک تقریب میں وفاقی وزیر کی جانب سے نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنانے کی بات کی گئی، جس پر پیپلز پارٹی نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اس معاملے پر کھل کر بات کرنے کا فیصلہ کیا۔

اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر لمبی چوڑی تقریر کرنے کے بعد ایوان سے چلے گئے، جو ان کے دوہرے معیار کا واضح ثبوت ہے۔ ایک طرف وہ سندھ کی تقسیم کی مخالفت کا دعویٰ کرتے ہیں اور دوسری طرف ایسے اہم ترین قومی و صوبائی معاملے پر ایوان چھوڑ کر فرار ہوجاتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے یاد دلایا کہ نثار کھوڑو کی لائی گئی قرارداد پر پیر کے روز سے ایوان میں باقاعدہ بحث کا آغاز کیا گیا ہے، اور اس سے قبل بھی سندھ اسمبلی سندھ کی تقسیم کے خلاف 6 سے 7 بار قراردادیں منظور کر چکی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی تشکیل اور بقا میں سندھ کا تاریخی کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے، اس کے باوجود صوبے پر بے بنیاد الزامات لگائے جاتے ہیں۔ حتمی فیصلہ اس ایوان کے اندر ہونا ہے، اور یہ طے ہو چکا ہے کہ سندھ کسی صورت تقسیم نہیں ہوگا۔

ٹیگز: