Get Alerts

سندھ کی تقسیم کا فیصلہ صرف سندھ اسمبلی کرے گی، مراد علی شاہ 

سندھ کی تقسیم کا فیصلہ صرف سندھ اسمبلی کرے گی، مراد علی شاہ 

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کا فیصلہ کسی ٹی وی پروگرام، جلسے، سیمینار یا عدالت میں نہیں بلکہ سندھ اسمبلی کرے گی۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوسکتا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی ماضی میں سندھ کی تقسیم کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کرچکی ہے۔ ان کے مطابق 1948، 2000، 2014، 2019 اور 2026 میں سندھ کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کی گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کا فیصلہ لاہور کے کاروباری افراد نہیں بلکہ سندھ اسمبلی کے ارکان کریں گے۔ نئے صوبوں کے حوالے سے فیصلہ ٹی وی پر بیٹھ کر نہیں کیا جاسکتا، اس معاملے پر بحث صرف اسمبلی میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ اس معاملے پر مباحثہ نہیں ہوسکتا، تاہم اسمبلی میں دوبارہ بحث اسی لیے کرائی گئی ہے تاکہ تمام فریق اپنے مؤقف کا کھل کر اظہار کرسکیں۔

مراد علی شاہ نے اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو سندھ اسمبلی میں قرارداد لے کر آئے۔ جسے جو بولنا ہے بولے اور اس معاملے پر سیر حاصل بحث کی جائے، لیکن فیصلہ کسی جلسے، عدالت یا سیمینار میں نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ ایوان عوام کی نمائندگی کررہا ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو عوام کی مرضی ہوگی، وہی ہوگا۔

ٹیگز: