گلگت : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے۔
گلگت پہنچنے پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور فورس کمانڈر نے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورہ گلگت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر سید مہدی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر نے وزیراعظم کو حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال، نقصانات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعا بھی کی گئی۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا اور مشیران کا اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے، جن میں وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر شبیر عثمانی شامل ہیں۔
وزیراعظم گلگت میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے اور متاثرہ خاندانوں میں امدادی رقوم تقسیم کریں گے۔
اس موقع پر حکومت گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا کہ، "گلگت بلتستان کو حالیہ سیلاب سے 20 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔ وفاقی حکومت کا تعاون ہمارے لیے آکسیجن کی مانند ہے۔"
انہوں نے مزید کہا، "سیلاب سے اجڑتے گھر اور بے گھر مکین وزیراعظم کی آمد سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان نیک شگون ہے اور زخموں پر مرہم رکھنے کا باعث بنے گا۔"