راولپنڈی: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کشمیری عوام کی جدو جہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نیا نغمہ "انسانوں کے جہاں میں" جاری کر دیا ہے۔ یہ نغمہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ایک طاقتور اور گونجدار پیغام ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، نغمہ کشمیری عوام کی قربانیوں اور بھارتی ظلم و ستم کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی کوشش ہے۔ نغمے میں مقبوضہ کشمیر کی "جنت نظیر وادی" کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ بھارتی مظالم کی بدولت آج بھی شعلوں میں جل رہی ہے۔
نغمہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کے عزم کی ترجمانی کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، چاہے دنیا کا رویہ کچھ بھی ہو۔
آئی ایس پی آر کا یہ نغمہ کشمیری عوام کی قربانیوں کو یاد دلاتا ہے اور بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے ان کے پائیدار عزم کو اجاگر کرتا ہے۔