راولپنڈی : پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مردان کی مختلف جامعات اور مدارس کے اساتذہ و طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس نشست میں عبد الولی خان یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مختلف مدارس کے طلبہ و اساتذہ شریک ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اس ملاقات میں معرکہ حق، حالیہ پاک افغان کشیدگی، اور سکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں اور پاک فوج و عوام کسی بھی دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے ان کے دل میں پاک فوج کے بارے میں پائے جانے والے بہت سے ابہام دور ہوئے ہیں، اور قوم پاک فوج کی امن کی کوششوں اور ملکی ترقی میں کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
طلبہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انھیں یہ آگاہی حاصل ہوئی کہ کس طرح دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے ملک اور افواج کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں۔ طلبہ نے یہ عہد کیا کہ افواج پاکستان کی ملک کو درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے جو بے پناہ قربانیاں دی ہیں، وہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں گے۔