Get Alerts

نیپرا کی منظوری: بجلی کی قیمت میں 1.75 روپے فی یونٹ کمی کا فیصلہ

نیپرا کی منظوری: بجلی کی قیمت میں 1.75 روپے فی یونٹ کمی کا فیصلہ

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سی پی پی اے کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ درخواست کی سماعت مکمل کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 1.75 روپے کمی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ کمی مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی سے نافذ العمل ہوگی، جس سے صارفین کو 53 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔

نیپرا کے مطابق، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے پیچھے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی بہتر کارکردگی، سرکلر ڈیٹ میں کمی اور ٹرانسمشن و ڈسٹری بیوشن لاسز میں کمی کے عوامل شامل ہیں۔ سرکلر ڈیٹ 2300 ارب روپے سے گھٹ کر 1600 ارب روپے رہ گیا ہے۔

اس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پر ہوگا۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کے بند ہونے سے 18 ارب روپے کا مالی فرق آیا ہے۔ بجلی کی کھپت میں مجموعی طور پر 31 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی فروخت میں کمی دیکھی گئی ہے۔

نیپرا نے بجلی کی صنعتی ترقی اور اصلاحات پر بھی سوالات اٹھائے، جبکہ اوور بلنگ کے معاملے پر انکوائری وزیراعظم کو بھیجی جا چکی ہے۔ لیسکو کے متعدد افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کے حوالے سے صوبوں سے بات چیت جاری ہے۔

ٹیگز: