دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکی کرکٹر اکھلیش ریڈی کو میچ فکسنگ سے متعلق الزامات ثابت ہونے پر آٹھ سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔
26 سالہ اکھلیش ریڈی کے خلاف گزشتہ سال نومبر میں ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کے دوران انسدادِ بدعنوانی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی شروع کی گئی تھی، جس کے بعد انہیں عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔
آئی سی سی کے مقرر کردہ ٹریبونل نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد قرار دیا کہ اکھلیش ریڈی نے میچ کے نتائج کو متاثر کرنے کی کوشش کی، ایک کھلاڑی کو بدعنوان سرگرمیوں میں شامل کرنے کی کوشش کی اور تحقیقات سے متعلق اہم معلومات کو چھپانے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق ریڈی نے اپنے موبائل فون سے ایسے پیغامات اور ڈیٹا بھی حذف کیے جو تحقیقات کے لیے اہم سمجھے جا رہے تھے۔
آئی سی سی کے مطابق ان پر عائد پابندی 21 نومبر 2025 سے نافذ العمل تصور ہوگی، جبکہ دوسرے کھلاڑی کو مبینہ بدعنوان سرگرمی میں شامل کرنے کی ان کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔
اکھلیش ریڈی نے امریکا کی قومی ٹیم کی جانب سے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ اپریل 2025 میں کھیلا تھا۔