صدارت سنبھالنے کے بعد 100 روز تک ماسک پہننے کا کہوں گا:جوبائیڈن

I will ask you to wear a mask for 100 days after assuming the presidency: Biden

واشنگٹن:نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے معیشت بند کیے بغیر عالمی وبا سے مقابلے کی حکمت عملی تیار کی ہے جبکہ صدارت سنبھالنے کے بعد 100 روز تک ماسک پہننے کا کہوں گا۔


امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخابات میں شکست دینے والے جوزف بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی صرف 100 دن کے لیے ماسک پہنیں ، ہمیشہ کے لیے نہیں۔100 دن ماسک پہنا تو موذی مرض کیسز میں نمایاں کمی دیکھ سکتے ہیں۔


نومنتخب صدر جوبائیڈن نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فائو چی میری انتظامیہ میں عالمی رسپانس ٹیم کا حصہ ہوں گے،انہیں چیف میڈیکل ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے کا کہا ہے جبکہ ویکسین پر امریکی عوام کا اعتماد نہیں،اعتماد حاصل کرنے کے لیے عوام کے سامنے ویکسین لگوائوں گا۔


واضح رہے کہ امریکہ مسلسل عالمی وبا کا مرکز بنا ہوا ہے ، ایک روز کے دوران سب سے زیادہ اموات،2 ہزار 918 اور 2 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ کیسسز رپورٹ ہوئے ۔


تین سابق امریکی صدور باراک اوباما ، جارج ڈبلیو بش اور کلنٹن نے عوام کے اعتماد کو بڑھانے کے لئے ویکسین کرانے کے عمل کو عوام کے لئے فلمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 


دوسری جانب پرتگال میں تمام افراد کو ویکسین مفت فراہم کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے ،ایران میں کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ دنیا بھر میں مہلک وبا سے ہلاک افراد کی تعداد15 لاکھ 11 ہزار 915 ہوگئی اور اب تک 6کروڑ 55 لاکھ28 ہزار سے زائد افراد وبا سے متاثر ہوچکے ہیں ۔