کراچی: شہر قائد میں کھلے مین ہولز ایک بار پھر بچوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 12 ڈی میں ایک اور معصوم بچی کے کھلے مین ہول میں گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
یہ واقعہ یونین کونسل 11 میں پیش آیا، جہاں بچی کھلے مین ہول میں جا گری۔ خوش قسمتی سے، اہل محلہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو گٹر سے باحفاظت نکال لیا۔ اس حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ مین ہول پر ڈھکن موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے یہ خطرناک سانحہ پیش آیا۔
علاقہ مکینوں نے اس واقعے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیپا چورنگی والے سانحے کے بعد بھی بلدیاتی ادارے غفلت کی نیند سو رہے ہیں اور کھلے مین ہولز پر تاحال ڈھکن لگانے کے حوالے سے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں کھلے مین ہولز کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے تاکہ اس طرح کے سانحات کا سدباب کیا جا سکے اور بچوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔