لاہور : صوبائی دارالحکومت کے علاقے داتا دربار کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا ہے جہاں ماں اپنی 10 ماہ کی بیٹی کو بچانے کی کوشش میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے خاتون کی لاش نکال لی ہے تاہم 18 گھنٹے گزرنے کے باوجود بچی کا سراغ نہ مل سکا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، فیصل کامران کے مطابق متاثرہ خاندان داتا صاحب سلام کے بعد واپس جا رہا تھا کہ اچانک حادثہ پیش آیا۔ جاں بحق خاتون کی بہن رضیہ نے بتایا کہ10 ماہ کی معصوم بچی اچانک گود سے پھسل کر کھلے مین ہول میں جا گری۔ بچی کو بچانے کے لیے اس کی ماں، سعدیہ نے فوری طور پر گٹر میں چھلانگ لگا دی، لیکن دونوں گہرے پانی کے ریلے کی نذر ہو گئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ غفلت برتنے پر فوری طور پر ڈائریکٹر ٹیپا (TEPA) شبیر حسین کو فوری طور پر عہدے سے معطل کر دیا گیا۔ غفلت کے مرتکب دیگر 2 افسران کو بھی معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔