اسلام آباد:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ریکٹر کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے بنیادی سطح سے اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات سے پہلے ہمیں انٹرمیڈیٹ اور سکول سطح کے نظام پر توجہ دینی ہوگی، کیونکہ ہماری بنیادی تعلیم ایسے معیار کی نہیں جس سے اچھے بیچلرز پیدا ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اچھی بنیاد نہیں رکھی جائے گی تو بہتر نتائج کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بورڈ سسٹم میں جدت وقت کی ضرورت ہے اور یو ایس تعلیمی ماڈل کو پاکستان میں فروغ دینے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ موجودہ ریگولیٹر تعلیمی نتائج دینے میں ناکام رہے ہیں اور ایچ ای سی کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق بدلنا ہوگا۔