بلاول بھٹو کا مارچ میں مہنگائی کیخلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان

 بلاول بھٹو کا مارچ میں مہنگائی کیخلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مارچ میں مہنگائی کیخلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر عوامی حکومت بنائے گی.

حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کرے، آئی ایم ایف پیکج میں پاکستان اور عوام کے حقوق پر سودے بازی نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت کو پاکستان کے حق میں پیکج لینا پڑے گا،بجٹ عوام دشمن ہے جسکی وجہ سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ، عمران خان ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر بنانے کا دعویٰ کرتے تھے،کٹھ پتلی حکومت نے ایک گھر نہیں بنایا لیکن لاکھوں گرا دیئے،پی ٹی آئی کی معاشی پالیسی عوام دشمن معاشی پالیسی ہے۔

منگل کو گرین پاکستان پروگرام کے تحت اربن فارسٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی  بلاول  بھٹو زرداری نے کہا کہ لیاری کے عوام ہمیشہ تاریخ بناتے ہیں، پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت لیاری سے نیا تاریخی منصوبہ شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں زیادہ آلودگی اور مسائل ہوتے ہیں، ہماری جمہوری جدوجہد میں لیاری کا اپنا کردار ہے، یہ پہلا اور سب سے بڑا اربن فاریسٹ ہوگا، جلد یہ منصوبہ ملیر ریور پر بھی شروع ہو گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ منصوبوں سے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا مقابلہ کر سکیں گے، نوجوانوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں پیپلز اسٹیڈیم واپس دیا جائے، ہم لیاری کے عوام کا پیپلز اسٹیڈیم واپس دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت کا نہیں بلکہ کراچی کا منصوبہ ہے، عوام کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، عوام کے معاشی حقوق کو چھیننے کی کوشش کی گئی ہے آپ کے صوبے کو این ایف سی ایوارڈ سے 140ارب کم ملا ہے، اگر آپ کو حق ملتا تو اس پیسے سے کتنے روزگار مل جاتے، وزیراعظم عمران خان ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر بنانے کا دعویٰ کرتے تھے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے ایک گھر نہیں بنایا لیکن لاکھوں گرا دیئے،پی ٹی آئی کی معاشی پالیسی عوام دشمن معاشی پالیسی ہے جبکہ ہم نے کہا تھا کہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے، یہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ تھا جسے ہم نے تسلیم نہیں کیا، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ہے، حکومت نے آئی ایم ایف سے درست مذاکرات نہیں کئے، ان کا نقصان عوام اٹھا رہے ہیں، کھانے پینے کی اشیاءنہیں مل رہیں، غریب عوام پر بوجھ پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کرے، وفاقی حکومت ایک عوام دوست منصوبے پر بات کرے پاکستان کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں ہونی چاہیے، غریب دشمن آئی ایم ایف پیکج نہ ہمیں اور نہ ہی عوام کو منظور ہے، اگر اس پروگرام کو نہ بدلا تو ہم ایک ملک گیر تحریک چلائیں گے، یہ بے نظیر انکم سپورٹ کا نام تبدیل کررہے ہیں، ان کا کام آپ سے لینے کا کام ہے، جو پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر عوامی حکومت بنائے گی۔