دبئی : پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں بھارت کے ساتھ کھیلنے سے انکار کے بعد کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی، آئی سی سی، شدید پریشانی کا شکار ہو گئی ہے۔ پاکستان کے فیصلے نے آئی سی سی کو غیر متوقع صورتحال میں ڈال دیا ہے، اور اب آئی سی سی پاکستان کو منانے کے لیے نئے راستے تلاش کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، آئی سی سی اس معاملے پر پاکستان سے بیک چینل بات چیت کرے گا۔ آئی سی سی نے اس مقصد کے لیے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو ذمہ داری سونپی ہے۔ عمران خواجہ، جو سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کرتے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز میں شرکت کے بارے میں بات کریں گے اور انہیں کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
عمران خواجہ کو اس معاملے میں ’’پلے دی پیس میکر‘‘ کا کردار ادا کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، تاکہ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کا دروازہ کھل سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی حکومت نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد بھارتی میڈیا نے اطلاع دی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک آئی سی سی کو باضابطہ طور پر اس فیصلے سے آگاہ نہیں کیا ہے۔