اسلام آباد / واشنگٹن: امریکی خبر رساں ادارے سی این این (CNN) نے پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی تائید کر دی ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلا کے وقت بچ جانے والا جدید ترین اسلحہ اب پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہا ہے، جس سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، سابق امریکی انسپکٹر جنرل جان سوپکو نے انکشاف کیا ہے کہ انخلا کے دوران تقریباً 3 لاکھ امریکی ساختہ ہتھیار افغانستان میں رہ گئے تھے۔ یہ وہ اسلحہ تھا جو سابق افغان فوج کو طاقتور بنانے کے لیے دیا گیا تھا، مگر اب یہ دہشت گردوں کی قوت بڑھانے کا سبب بن رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی (TTP) اور بی ایل اے (BLA) کے دہشت گرد جنوبی وزیرستان اور بلوچستان میں ہونے والے حملوں میں جدید امریکی رائفلز، مشین گنز اور سنائپر ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کر رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی تک ان گروہوں کی رسائی نے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔سی این این نے خبردار کیا ہے کہ یہ صورتحال صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ چین، ایران اور دیگر پڑوسی ممالک کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے والے یہ ہتھیار پورے خطے کے دفاعی توازن کو بگاڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔