کراچی : ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں آج مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت نے بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، فی تولہ سونے کی قیمت میں 14 ہزار 800 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس غیر معمولی اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونا 5 لاکھ 29 ہزار 162 روپے کا ہو گیا ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت: اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 12 ہزار 689 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 53 ہزار 671 روپے مقرر کی گئی ہے۔مقامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کی بنیادی وجہ بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں ہونے والا بڑا اضافہ ہے۔ عالمی بازار میں سونا 148 ڈالرز مہنگا ہونے کے بعد 5064 ڈالرز فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا ہے، جس کے اثرات مقامی قیمتوں پر بھی نمایاں طور پر مرتب ہوئے ہیں۔