کوئٹہ :چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے کسی بھی دہشت گرد یا سہولت کار کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، جس کے بعد انہیں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں نے بلوچستان کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے فوری اور جارحانہ ردعمل سے ناکام بنا دیا۔
فیلڈ مارشل نے زور دے کر کہا کہ تشدد کو کسی بھی قیمت پر جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم مٹی میں ملا دیے۔
بعد ازاں، فیلڈ مارشل نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے زخمی غازیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے بلند حوصلوں کی تعریف کی۔ فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی۔