Get Alerts

روس افغانستان میں طالبان کی حکومت تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا

روس افغانستان میں طالبان کی حکومت تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا

کابل : روس نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے افغانستان کے نئے سفیر کی اسناد کو قبول کر لیا ہے۔ روسی فیڈریشن کے سفیر دیمتری ژیرنوف اور افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کے درمیان کابل میں ہونے والی ملاقات میں اس فیصلے کا اعلان کیا گیا۔

افغان وزارت خارجہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اس ملاقات کی تفصیلات شیئر کیں، جس میں روسی سفیر نے اس تاریخی فیصلے کے بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا اور اسے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اہم قدم قرار دیا۔ افغان وزیر خارجہ نے روس کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان ایک نئے دور کے آغاز کی نشاندہی کی۔

امیر خان متقی  کا کہنا تھا کہ روسی فیڈریشن کا یہ حقیقت پسندانہ فیصلہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا، جس سے دوطرفہ تعاون کی راہ ہموار ہو گی۔

یاد رہے کہ 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد بین الاقوامی برادری نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا تھا، خاص طور پر خواتین کے حقوق اور دیگر شہری حقوق پر پابندیوں کی وجہ سے۔ تاہم، چین اور روس نے طالبان کے ساتھ محدود سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی، اور دونوں ممالک نے افغان وزیروں کو اپنے فورمز میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

رواں برس اپریل میں روس نے طالبان کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال کر ایک اور اہم قدم اٹھایا، جسے عالمی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ٹیگز: