Get Alerts

صدر ٹرمپ نے خود کو امن کے نوبیل انعام کیلئے بہترین امیدوار قرار دیدیا

صدر ٹرمپ نے خود کو امن کے نوبیل انعام کیلئے بہترین امیدوار قرار دیدیا

واشنگٹن : امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے آپ کو امن کے نوبل انعام کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا ہے۔ آئیوا میں امریکہ کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پانچ ممالک کو جنگ میں جانے سے روکا۔ ان کے مطابق، انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کی صورتحال کو ٹالا، کوسوو اور سربیا کو لڑائی سے روکا، اور کانگو اور روانڈا کے درمیان 30 سال سے جاری جنگ کا خاتمہ کرایا جس میں 60 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے تھے۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی اور دونوں ممالک سے کہا تھا کہ اگر جنگ ہوئی تو وہ تجارت نہیں کریں گے کیونکہ دونوں ملکوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں دنیا نے دیکھا کہ معیشت بہترین حالت میں تھی اور امریکی فوج کی طاقت بھی بے مثال ہے۔

اگلی صدارتی مدت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، ٹرمپ نے قانون میں تبدیلی کا عندیہ دیا اور کہا کہ وہ مزید 4 سال کے لیے امریکہ کے صدر بنیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر امریکی فوج کی طاقت اور جدید ترین اسلحے کا بھی ذکر کیا، اور کہا کہ ان کے طیارے نے 37 گھنٹے مسلسل پرواز کی۔

ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا بھی دعویٰ کیا اور کہا کہ ان کی انتظامیہ نے سرحد سے غیر قانونی داخلے کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے، ساتھ ہی امریکی تاریخ کے سب سے بڑے ڈیپورٹیشن پلان کا آغاز کر دیا ہے۔

آخر میں، امریکی صدر نے کہا کہ آج امریکہ کی سٹاک مارکیٹ بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے، اور ان کے پچھلے دور میں معیشت میں زبردست بہتری آئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ امریکہ کو دوبارہ "مضبوط، محفوظ اور عظیم ترین" بنائیں گے۔

ٹرمپ نے نوبل انعام کے حوالے سے ایک طنزیہ تبصرہ کیا اور کہا کہ ایک سکول کے پروفیسر کو امن کا نوبل انعام دیا جائے گا جس کے بارے میں عوام کو زیادہ نہیں پتہ۔

ٹیگز: