لاہور: پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، لیکن اس بار وجہ ان کا کوئی نیا گانا نہیں بلکہ ان کی روحانی وابستگی ہے۔ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں عاصم اظہر کی اذان دیتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے مداح بے حد پسند کر رہے ہیں۔
عاصم اظہر اپنے پیشہ ورانہ مصروفیات کے سلسلے میں آسٹریلیا میں موجود تھے، جہاں انہوں نے نہایت خوبصورت اور پرسوز انداز میں اذان دی۔ اس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مقبول ہو گئی۔
کئی صارفین نے ان کی آواز کو "دل کو سکون دینے والی" قرار دیا اور کہا کہ عاصم نے اپنی خوبصورت آواز کو ایک مقدس فریضے کے لیے استعمال کرکے سب کے دل جیت لیے۔ عاصم اظہر کی اذان نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد کو بھی متاثر کیا، اور یہی وجہ ہے کہ یہ ویڈیو ان دنوں خوب توجہ حاصل کر رہی ہے۔