اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے نمایاں کاروباری گروپس کے وفود نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے “ون ونڈو” نظام کے ذریعے کاروباری عمل کو آسان اور تیز بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
ملاقات کے دوران ترک کاروباری رہنماؤں نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا اور ملک میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور طویل مدتی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور باہمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔