Get Alerts

محمد اورنگزیب کی امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات،پاک امریکا اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق، امریکی سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو

محمد اورنگزیب کی امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات،پاک امریکا اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق، امریکی سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا اقتصادی و تجارتی تعلقات، دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ نے اپنے حالیہ دورہ واشنگٹن اور امریکی حکام سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے امریکی وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات سمیت آئی ایم ایف، ڈی ایف سی اور امریکی ایکزم بینک کے حکام سے ہونے والے مذاکرات پر بھی بریفنگ دی۔

ملاقات میں پاکستان میں قابل عمل منصوبوں کے لیے امریکی سرمایہ کاری اور فنانسنگ بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی بہتر رسائی اور برآمدات میں اضافے پر زور دیا۔

فریقین نے پاک امریکا دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے تجارتی فریم ورک کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ عالمی کیپٹل مارکیٹس میں پاکستان کی شمولیت، فنانسنگ کے ذرائع متنوع بنانے، زرمبادلہ ذخائر بہتر کرنے اور ملکی کریڈٹ پروفائل مضبوط بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔

پاکستان میں امریکی مالیاتی اداروں کی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کے ساتھ ساتھ بندرگاہوں، لاجسٹکس، توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاک امریکا باہمی تجارتی فریم ورک پر مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، زرمبادلہ ذخائر میں بہتری اور برآمدات کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہے جبکہ سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔

ملاقات کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے نئے نظام پر بھی امریکی حکام کو بریفنگ دی گئی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایڈجسٹ کرنے کے لیے روزانہ کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

ٹیگز: