کراچی: ملک میں مسلسل دو روز تک اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1100 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 943 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
گزشتہ روز صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جس کے تحت فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونا 10 ہزار 459 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے میں ٹریڈ ہوا تھا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ اسپاٹ گولڈ ایک فیصد اضافے کے بعد 4,165 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جو 23 جون کے بعد اپنی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔ امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق امریکی لیبر مارکیٹ سے متعلق کمزور اعداد و شمار کے باعث مہنگائی اور شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات کم ہوئے، جس سے سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا۔ جون میں نان فارم پے رولز کے تحت صرف 57 ہزار نئی ملازمتوں کا اضافہ ہوا، جو کہ 110 ہزار کی متوقع شرح سے کافی کم ہے۔
اس کے علاوہ امریکی ڈالر کی قدر میں ہفتہ وار کمی بھی سونے کی عالمی و مقامی قیمتوں میں رد و بدل کی ایک اہم وجہ بنی، جس سے دیگر کرنسی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہو گیا۔