استنبول: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی بھرپور اور مخلصانہ حمایت کے باعث پاکستان کو اہم سفارتی کردار ادا کرنے کا موقع ملا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تاریخ، اعتماد اور باہمی تعاون پر استوار ہیں۔
استنبول میں پاک۔ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے، جس کی بنیاد ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران رکھی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ علی برادران کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ترکیہ کی آزادی کی جدوجہد میں بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ ترکیہ نے بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے کر اس برادرانہ رشتے کو مزید مضبوط بنایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر رجب طیب اردوان کی غیر متزلزل حمایت کی بدولت پاکستان کو ثالثی کی ذمہ داری نبھانے کا موقع ملا، اگرچہ یہ سفارتی مشن انتہائی پیچیدہ اور چیلنجنگ تھا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے خلوصِ نیت سے کوششیں کیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والے امن کے ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خطے میں استحکام اور خوشحالی کو فروغ دیا جائے گا۔