Get Alerts

اوپن اے آئی کی امریکی حکومت کو 5 فیصد حصص دینے کی تجویز: رپورٹ

اوپن اے آئی کی امریکی حکومت کو 5 فیصد حصص دینے کی تجویز: رپورٹ

کیلیفورنیا: مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے مبینہ طور پر امریکی حکومت کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کمپنی میں 5 فیصد شیئرز دینے کی تجویز پیش کی ہے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، معاملے سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تجویز کمپنی کی متوقع ابتدائی عوامی شیئرز کی فروخت (آئی پی او) سے قبل حکومت کے ساتھ ممکنہ اختلافات اور کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے سامنے آئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اوپن اے آئی نے دیگر امریکی مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں، جن میں اینتھروپک بھی شامل ہے، کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکی حکومت کو اسی نوعیت کے حصص دینے پر غور کریں تاکہ سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی حکومت اہم اور اسٹریٹجک کمپنیوں میں شراکت داری بڑھانے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔ گزشتہ برس حکومت نے انٹیل میں تقریباً 10 فیصد جبکہ ایم پی میٹیریلز میں 15 فیصد حصص حاصل کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے روزگار پر ممکنہ اثرات اور عوامی خدشات میں اضافے کے تناظر میں اوپن اے آئی کی یہ تجویز حکومتی اعتماد حاصل کرنے اور مستقبل میں سازگار ریگولیٹری ماحول برقرار رکھنے کی کوشش سمجھی جا رہی ہے۔

تاہم اوپن اے آئی اور امریکی حکومت کی جانب سے اس رپورٹ پر فی الحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ٹیگز: