اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر اپنے خلاف دائر نااہلی ریفرنس کی مکمل تفصیلات اور قانونی بنیادیں طلب کر لی ہیں۔
خط میں عمر ایوب نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف دائر ریفرنس کی آئینی اور قانونی وجوہات واضح کی جائیں، اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ریفرنس کی توجیہہ فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے ریفرنس کی مصدقہ کاپی، کارروائی کا مکمل ریکارڈ، فائل نوٹنگز اور اندرونی کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔
عمر ایوب نے اسپیکر سے یہ جاننے کا مطالبہ کیا کہ کیا انہیں ریفرنس پر کوئی نوٹس یا وضاحت کا موقع فراہم کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ تیسرے فریق کی درخواست پر ریفرنس دائر ہونے کی وجوہات بھی سامنے لائی جائیں۔
اپوزیشن لیڈر نے اپنے خط میں کہا کہ ریفرنس کے فیصلے میں شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانا پارلیمانی روایات اور جمہوریت کے تقاضوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے آرٹیکل 63(2) کے تحت اسپیکر کی صوابدید سے متعلق ماضی کی نظیریں بھی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز کی جانب سے عمر ایوب کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جسے اسپیکر قومی اسمبلی نے ابتدائی جائزے کے بعد مزید کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا تھا۔