اسلام آباد: وزیر مملکت برائے کرپٹو بلال بن ثاقب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کرپٹو مشیر بوہائن سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے فروغ کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کی تجارت کو بڑھانے اور باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلال بن ثاقب نے بتایا کہ پاکستان ایشیا کا پہلا ملک بننے کی کوشش کر رہا ہے جو بٹ کوائن کے سرکاری ذخائر قائم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرپٹو مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے لیے جدید انفراسٹرکچر اور ریگولیٹری فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ڈیجیٹل اثاثوں کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ ملاقات لاس ویگاس میں منعقدہ بٹ کوائن 2025 کانفرنس کے موقع پر ہوئی، جس میں پاکستان نے ’اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو (SBR)‘ کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس سے پاکستان اس خطے کے ان اولین ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو اپنی خودمختار اثاثہ حکمت عملی میں بٹ کوائن کو شامل کر رہے ہیں۔