اسلام آباد: وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اجلاس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے، بالخصوص سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور علاقائی استحکام کی بنیاد پر تعلقات کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان معاشی روابط کو مزید گہرا کرنے کے لیے مختلف شعبہ جات میں نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ اجلاس دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو نئی جہت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔